عمران خان کی حکومت انتقامی سیاست پر گامزن ہے ،عبدالجبار خان

23

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے ملتان میں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے میں وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت انتقامی سیاست پر گامزن ہے ، آمرانہ طرز کی حکمرانی نے ماضی کے ڈکٹیٹروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملتان میں پیپلزپارٹی کا یوم تاسیس کا جلسہ طے شدہ پروگرام کے تحت کیا جارہا ہے لیکن حکومت جمہوری طرز سیاست سے خوفزدہ ہے اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح ان کی سیاسی موت ہوگی اس لیے وہ عوامی اجتماعات کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں ، گرفتاریاں اور دیگر ہتھکنڈے پیپلزپارٹی کو کبھی بھی جمہوری جدوجہد سے دور نہیں رکھ سکتے ، ماضی میں بھی پرویز مشرف اورجنرل ضیا الحق سمیت دیگر حکمرانوں نے اسی روش پر چل کر پیپلزپارٹی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی لیکن حالات نے ثابت کیا کہ وہ آج سیاسی دنیا کا حصہ نہیں ہے جبکہ پیپلزپارٹی آج بھی عوام کے دلوں میں راج کررہی ہے اور کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کو منصوبہ بندی کے تحت ہروایا گیا جس پر وہاں کے عوام ان نتائج کو ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ 2018ء کے انتخابات سے جو دھونس اور دھاندلی کا سلسلہ شروع ہوا ہے وہ اب تک جاری ہے ۔ اگر اس کو نہ روکا گیا تو پھر جمہوری اور سیاسی عمل کو نقصان پہنچے گا۔