حکومت سیاحت کے فروغ کیلیے اقدامات اٹھارہی ہے،اسد قیصر

42

ایبٹ آباد (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے، گلیات کے حسین مناظر سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کررہے ہیں،برف باری نے گلیات کی رونقیں دوبالا کردی ہیں۔ اتوار کے روز ایوبیہ آمد کے موقع پر انہوں نے موٹو ٹنل کا معائنہ کیا اور ایوبیہ پائپ لائن ٹریک پر واک کی۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ایوبیہ ملک پاکستان کا ایک خوبصورت ترین علاقہ ہے، برفباری کے بعد یہاں کی رونقیں دوبالا ہو گئی ہیں۔ موسم گرما کی طرح ابھی موسم سرما میں بھی میں دیکھ رہا ہوں کہ سیاحوں کی ایک بڑی تعداد یہاں ایوبیہ گلیات میں سیرو تفریح کے لیے آئی ہوئی ہے۔ اسد قیصر نے موٹو ٹنل کی دریافت کو وائلڈ لائف کا کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بھی یہاں کی سیاحت پر مثبت اثرات پڑے ہیں۔