عظیم قومیں اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھولتیں، ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد

36

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) عظیم قومیں اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھولتیں، میرپور خاص میں شہید پولیس اہلکار کی شہادت ہمارے لیے فخر کی بات ہے اور یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں آج شہید کے گھر پر آیا۔ یہ بات ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد ریجن ڈاکٹر جمیل احمد نے میرپور خاص میں گزشتہ روز پولیس مقابلے میں شہید ہونے والے اہلکار میر محمد ناریجو کے گھر پہنچ کر ان کے ورثاء سے بات چیت اور تعزیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ میرپور خاص کے ڈی آئی جی ذوالفقار لاڑک اور ایس ایس پی فیصل بشیر میمن تھے۔ ایڈیشنل آئی جی نے مزید کہا کہ شہید میر محمد ناریجو کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہم سلام پیش کرتے ہیں اپنے شہداء پولیس کو جنہوں نے اپنا آج ہمارے کل کے لیے قربان کیا۔ امن و استحکام میں بہتری شہداء کی قربانیوں کے مرہون منت ہے۔ شہداء کے ورثاء کا خیال رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے شہید کانسٹیبل کے ورثاء کو محکمہ پولیس کی جانب سے دی جانے والی تمام مراعات کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی کی گئیں۔ آخر میں ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد ریجن اور ڈی آئی جی اور ایس ایس پی ضلع میرپور خاص کی جانب سے شہید کانسٹیبل کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ بعد ازں ایڈیشنل آئی جی دیگر افسران کے ہمراہ ڈی آئی جی آفس پہنچے جہاں میرپور خاص رینج میں امن وامان کی مجموعی صورتحال سے متعلقہ ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اور گزشتہ دنوں پولیس مقابلے سے متعلق تفصیلی بریف کیا گیا، جس کے بعد ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد ریجن نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولیس مقابلے میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی جلد از جلد گرفتار کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور تفتیش کے عمل کو شفاف بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔