راولپنڈی (صباح نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کے وزیر دفاع وائی فنگ نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ دونوں افواج کے مابین دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ معزز مہمان نے پاک فوج کی علاقائی امن اور سی پیک منصوبوں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے کاوشوں کو سراہا۔ معزز مہمان کو پاک فوج کے
چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ چینی وزیر دفاع نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ آرمی چیف نے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز میں تمام اہم امور پر چین کی پاکستان کے لیے حمایت پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کی بہت قدر کرتی ہے ‘دونوں ممالک ہر معاملے پر ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ علاقائی امور پر پاکستان کے موقف کی حمایت پر چین کے مشکور ہیں، پاکستان اور چین کے گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے‘ ہم ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں‘ مستقبل کے چیلنجز کے باوجود ہمارے تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔