اسلام آباد (صباح نیوز) قومی اسمبلی میں اسٹیل ملز سے 4 ہزار 5 سو ملازمین کو برطرف کرنے کے خلاف احتجا ج ہوگا، تیاری اور رابطے شروع کردیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کی جبری برطرفی کے خلاف پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی ہے، تحریک التوا شازیہ مری، عبدالقادر پٹیل، جام عبدالکریم اور آغا رفیع اللہ نے جمع کرائی ۔، تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ ریاست پابند ہے کہ وہ شہریوں کو روزگار فراہم کرے۔ موجودہ حکومت اس کے برعکس کام کر رہی ہے۔ اس حکومت میں ہزاروں شہری روزگار سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اسٹیل
ملز کے ملازمین سراپا احتجاج ہیں۔ تحریک التوا میں واضح کیا گیا ہے کہ ماضی میں وفاقی وزیر اسٹیل ملز کے ملازمین کے ساتھ کھڑے ہونے کا دعویٰ کیا۔ آج وہ وزیر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اس اہم معاملے پر قومی اسمبلی میں بحث کی جائے۔