جرمانہ وصولی کیس میں موٹر وے پولیس کی اپیل خارج

41

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے موٹروے پولیس اہلکار کی جانب سے سرکاری گاڑی کے ایکسیڈنٹ پر جرمانہ وصولی کے کیس میں ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے موٹر ویز پولیس کی اپیل خارج کردی۔ پیر کو دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کس قانون میں لکھا ہے کہ کسی گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے ہونے والا نقصان متعلقہ پولیس والا بھرے گا۔ وکیل موٹر وے پولیس نے کہا کہ پولیس اہلکار نے خود گاڑی ٹھیک کرانے کی آ فر کی تھی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ادارے نے اپنے اہلکار سے گاڑی بھی ٹھیک کرائی اور3 لاکھ جرمانہ بھی لیا ۔ وکیل موٹر
وے پولیس نے کہا کہ اہلکار کی اسپیڈ کی وجہ سے کسی کا جانی نقصان بھی ہو سکتا تھا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ وائر لیس ہدایت پر ہی پولیس اہلکار نے گاڑی کا پیچھا کیا تھا۔ عدالت نے کہا کہ ادارے نے پہلے گاڑی کا پیچھا کرنے کا کہا پھر اپنے اہلکار کے خلاف کارروائی بھی کردی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ تیز رفتار گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے حادثات تو ہوجاتے ہیں‘ اہلکار خود بھی زخمی ہوا ۔ ہائی کورٹ نے اہلکار کی تنخواہ میں تنزلی ختم اور جرمانہ کی رقم واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔ دلائل سننے کے بعد عدالت عظمیٰ نے ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے موٹر وے پولیس کی اپیل خارج کردی۔