اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے اضافہ کردیا گیا۔وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت نے بین الاقوامی مارکیٹ میں ہونے والا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔تاہم عالمی سطح پر غیر معمولی اضافے کے باعث ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ڈیزل کی قیمت اضافے کے بعد 101 روپے 43 پیسے سے بڑھ کر 105 روپے 43 پیسے ہوگئی ہے۔پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 100 روپے 69 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 65 روپے 29 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 62 روپے 86 پیسے پر برقرار رہیں گی۔واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم دسمبر سے 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی تھی۔