حیدرآباد :کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 مارکیٹیں سیل

66
حیدر آباد، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تارا چند موبائل مارکیٹ کو سیل کیا جارہا ہے

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد ابراہیم ارباب نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو کی ہدایت پر تعلقہ میں کورونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے کلاتھ مارکیٹ کی 250 دکانوں پر مشتمل تارہ چند پلازہ اور 50 دکانوں پر مشتمل خان کلاتھ مارکیٹ کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کردیا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق ایس او پیز پر عملدرآمد کرانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کسی کو بھی ریاستی احکامات کی خلاف ورزی کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔علاوہ ازیںحیدرآباد میں کورونا وائرس سے اموات میں تیزی۔ سول اسپتال حیدرآباد میں مزید 2 مریض چل بسے جبکہ 24گھنٹوں کے دوران 55نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 20 سالہ نوجوان شہزاد کا تعلق ہالا سے جبکہ 70سالہ نور محمد کا تعلق ٹنڈو محمد خان سے ہے جنھیں کورونا کے باعث حیدرآباد لایا گیا تھا۔حیدرآباد میں کورونا وائرس سے جاں بحق مریضوں کی مجموعی تعداد 125 تک پہنچ گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ سٹی محمد
ابراہیم ارباب نے تعلقہ کے تمام تاجروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پرسنجیدگی سے عملدرآمد کو ہر صورت میں یقینی بنائیں بصورت دیگر سیل کیے جانیوالی دکانوں اور مارکیٹس پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ کم از کم 48 گھنٹے کے لیے بند کردینگے۔