سندھ کے وسائل کے لیے آخری حد تک مزاحمت کرینگے،ایاز پلیجو

37

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کہاکہ سندھ کی عوام متحد اورسمندری جزائر‘ سندھ کی وحدت اوروسائل کے لیے آخر حد تک مزاحمت کریں گے۔ وہ پارٹی اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔انہوںنے کہاکہ عالمی طاقتوں کا سندھ کو ٹکڑے کرنے والا منصوبہ کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔سندھ کی تقسیم پاکستان کی تقسیم ہے
اور سندھ وپاکستان کی عوام اپنے ملک کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کالا باغ ڈیم سندھ کی تعمیرغیر مقامی افراد کی آبادکاری سمیت جب بھی سندھ پر کوئی مشکل وقت آیا ہے سندھ کے مزدور‘ ہاری‘ وکلاء‘ ادیب شاعر‘ طلبہ اور اساتذہ نے میدان میں آکر جدوجہد کی ہے حکمرانوں نے ہمیشہ سندھ کے خلاف فیصلہ کیا ہے سندھ کی عوام ایک مرتبہ پھر سمندری جزائر پر وفاق کے غیر قانونی قبضے کے خلاف میدان میں آچکے ہیں ہمار ے لیے سندھ کے مفاد سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے ۔مرکزی رہنما ڈاکٹرگلزار نے کہاکہ سمندری جزائر کے مسئلے پر سندھ کی عوام سراپا احتجاج ہے اورصدارتی آرڈنینس کی واپسی تک قومی عوامی تحریک کی جدوجہد جاری رہے گی ۔قومی عوامی تحریک مرکزی کمیٹی کے ڈاکٹر گلزار جمانی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ایاز لطیف پلیجو‘ الطاف خاص خیلی‘ کنور راجا‘ شوکت سریوال‘ رفیق کنرائی ودیگر نے شرکت کی ۔