جھڈو،انتظامیہ مویشی منڈی میں ایس اوپیزپرعملدرآمد کرانے میں ناکام

59

جھڈو(نمائندہ جسارت) جھڈو کی مویشی منڈی میں شہریوں نے کورونا ایس او پیز کی کھلے عام دھجیاں اڑا دیں، جھڈو کی مویشی منڈی کورونا وائرس پھیلانے کا بڑا ذریعہ بن گئی، مویشی منڈی میں آ نے والے ہزاروں خریدار، بیوپاری،عام شہری چہروں پر ماسک پہنے اور سماجی فاصلوں کا خیال رکھے بغیر خریدوفروخت میں مصروف رہے،تحصیل انتظامیہ جھڈو مویشی منڈی میں جراثیم کش اسپرے کرنے،سینیٹائز کرنے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے میں بھی بری طرح ناکام رہی۔دوسری جانب ضلع میرپور خاص کی جھڈو میں لگنے والی دوسری بڑی مویشی منڈی میں بنیادی سہولیات کا بھی شدید فقدان دیکھا گیا۔علاوہ ازیں ایڈمنسٹریٹر ٹاؤن کمیٹی جھڈو واسسٹنٹ کمشنر جھڈو آصف علی خاصخیلی نے ڈی ایس پی جھڈو کے ہمراہ مویشی منڈی کا دورہ کیا اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ اور منڈی میں خریداری کے لیے آ نے والے بیوپاریوں اور عام شہریوں کو چہروں پر ماسک پہننے،سماجی فاصلہ برقرار رکھنے سمیت کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی سختی سے ہدایات بھی جاری کیں۔جھڈو کے شہری و سماجی حلقوں نے مویشی منڈی میں ہزاروں افراد کے اجتماع میں کورونا ایس او پیز کی کھلے عام خلاف ورزی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سے انتظامیہ کی نااہلی اور مویشی منڈی کی صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔