حیدرآباد :بلڈر مافیا پولیس گردی کیخلاف مکینوں کا احتجاج

44

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) الشہباز کالونی اور خواجہ غریب نواز کالونی کے رہائشیوں نے بلڈر مافیا اور پولیس کیخلاف پریس کلب ٹنڈو جام کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین پلے کارڈ اٹھائے بلڈر مافیا اور پولیس کیخلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ اس موقع پر مظاہرین محمد اشفاق اور محمد فاروق کا کہنا تھا کہ مذکورہ کالونی میں رہائش پذیر افراد گزشتہ 50 سال سے رہائش پذیر ہیں جبکہ بلڈر مافیا نے پولیس اور متعلقہ محکموں سے ملی بھگت کرکے محکمہ زراعت اور کچی آبادی کی اراضی کا کھاتہ تبدیل کرکے کمرشل پلاٹنگ کرکے فروخت کرنے کا منصوبہ بنالیا ہے، جس کے لیے گزشتہ روز متعلقہ تھانے کی پولیس نے کالونی میں رہائش پذیر افراد ہراساں اور دھمکیاں دے کر گھروں کو خالی کرنے کے لیے دبائو ڈالا۔ انہوں نے مذکورہ کالونی اور اراضی کا سندھ ہائی کورٹ میں کیس بھی زیر سماعت ہے، جس کے باوجود پولیس اور بلڈر مافیا کی جانب سے توہین عدالت کرتے ہوئے کالونی میں رہائش پذیر افراد کو بے گھر کرنے کے لیے دھمکیاں اور ہراساں کیا جارہا ہے۔ مظاہرین نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا نوٹس لے کر علاقہ مکینوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔