جیکب آباد، تعلقہ ایجوکیشن افسر میل، فیمیل کی سیٹ چار ماہ سے خالی

67

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں تعلقہ ایجوکیشن افسر میل، فیمیل کی سیٹ چا ر ماہ سے خالی، چیف سیکرٹری کے احکامات نظر انداز، مقرر ضلعی تعلیمی افسر نے ایک ماہ سے چارج نہ لیا، مرحوم ملازمین، ریٹائرمنٹ، پنشن کے کیس تاخیر کا شکار۔ جیکب آبا دمیں محکمہ تعلیم عدم توجہ کی وجہ سے تباہ حالی کا شکار ہوگیا، چار ماہ سے جیکب آباد کے تعلقہ ایجوکیشن افسر میل، فیمیل کی سیٹ خالی ہے جبکہ مقرر ضلعی تعلیمی افسر ایلیمینٹری اینڈ سیکنڈری سکندر علی ہکڑو نے چیف سیکرٹری سندھ ممتاز علی شاہ کے احکامات کے باوجود ایک ماہ سے عہدے کا چارج نہیں لیا ہے، جس کے باعث فوت ہونے والے ملازمین سمیت ریٹائرمنٹ اور پنشن کے کیس تاخیر کا شکار ہیں۔ لواحقین اور ملازمین دفتر کے چکر لگا لگا کر پریشان ہوگئے ہیں۔ منور علی کا کہنا تھا کہ میری والدہ کو ریٹائر ہوئے ایک سال سے زائد کا عرصہ ہوگیا ہے، مگر محکمہ تعلیم کے دفتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہوں۔ افسر موجود نہیں، اس لیے والدہ کی ریٹائرمنٹ کا کیس تعطل کا شکار ہے، کوئی پرسان حال نہیں، خدارا ہماری داد رسی کی جائے، تنخواہ بھی بند اور پنشن بھی نہ ملے تو کیا حالت ہوگی، یہ کوئی ہم سے پوچھے۔ وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم اس کا نوٹس لیں۔