ساڑھے6ارب بجٹ کے باوجود سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اہم سڑکوں کی صفائی میں ناکام

41

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری) سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کراچی میں صفائی وستھرائی میں بری طرح ناکام ہے‘ بیشتر فلائی اوورز جن کی صفائی کی ذمے داری سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ہے لیکن عملہ بالکل توجہ نہیں دے رہا ہے‘ 6 ارب 47 کروڑ کا بجٹ منظور ہونے کے باوجود شہر میں فلائی اوورز اور اہم شاہراہوں پر مٹی کے ڈھیر موجود ہیں جس سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میںسندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے کراچی کے تقریباً تمام فلائی اوورز کے اطراف پر مٹی کے ڈھیر موجود ہیں‘ فلائی اوورز پر موجود طویل عرصے سے جمع مٹی اور کچرا صاف نہیں ہو رہا ہے‘ ان فلائی اوورز میں بلوچ کالونی برج، شاہ فیصل ائر فورس فلائی اوور، شاہراہ اتاترک فلائی اوور، نیٹی جیٹی فلائی اوور، سلطان آباد فلائی اوور، کے پی ٹی فلائی اوور، جام صادق برج، قائد آباد برج، قائد آباد نیشنل ہائی وے برج، نیپا فلائی اوور، سر سید یونیورسٹی روڈ برج، راشد منہاس روڈ برج، سہراب گوٹھ فلائی اوور، ناگن چورنگی فلائی اوور، حسن اسکوائر فلائی اوور، عیسیٰ نگری برج، لیاقت آباد فلائی اوور، ناظم آباد پیٹرول پمپ فلائی اوور، ناظم آباد بورڈ آفس برج، بنارس چورنگی فلائی اوور، شاہ فیصل کالونی فلائی اوور نزد اسٹار گیٹ، شاہ فیصل کالونی ملیر ندی برج، کارساز فلائی اوور، کلفٹن برج، ایرانی پل کلفٹن، پی آئی ڈی سی برج، شیر شاہ برج، ناردرن بائی پاس، گلبائی فلائی اوور، محمود آباد فلائی اوور اور یونس ٹیکسٹائل لانڈھی برج، حبیب بینک ناظم آباد برج، گلشن چورنگی پل، سہراب گوٹھ فلائی اوور، لیاقت آباد، ڈاکخانہ، ناظم آباد، تین ہٹی، لسبیلہ فلائی اوور، جام صادق برج، بلوچ کالونی سمیت متعدد فلائی اوورز پر مٹی کے ڈھیر جمع ہیں۔ کراچی کی اہم شاہراہوں اور فلائی اوورز کی صفائی کی زیادہ ذمے داری سندھ سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ہے جس کے پاس مکینیکل سوئیپر اور صفائی ستھرائی کے انتظامات ہیں‘ وہ اس جانب توجہ نہیں دے رہا۔ اسی طرح شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ، شاہراہ پاکستان، شیرشاہ سوری روڈ، حبیب بینک تا گلبائی شیرشاہ روڈ، ماری پورروڈ سمیت کراچی کی کوئی سڑک ایسی نہیں جس کے کناروں پر مٹی کے ڈھیر نہ ہوں‘ ماہانہ صفائی کی مشینوں کے لیے کروڑوں روپے فیول کی مد میں وصول کیے جاتے ہیں جبکہ شہر میں صفائی نظر نہیں آتی۔ شہریوں نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ز سے فوری طور پر نوٹس لے کر پلوں پر جمع مٹی کے ڈھیر اور سڑکوں کی صفائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس حوالے سے منیجنگ ڈائریکٹر، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر احمد چنا نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے بیشتر فلائی اوورز اور سڑکوں کی صفائی کی ذمے داری سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ساتھ کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کی بھی ہے‘ ہمارے پاس اسٹا ف کی کمی کا معاملہ ہے‘ آئندہ 15سے 20 دنوں میں ہم کراچی کے جتنے فلائی اوورز ہیں اور جو ہماری حدود میں آتے ہیں‘ ان کے اطراف میں موجود مٹی کی صفائی کا کام شروع کردیا جائے گا‘ آئندہ دنوں میں کراچی میں صفائی وستھرائی کے حوالے سے بہتری نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ویب سائٹ پرکراچی میں زون کی سطح پر شہریوں کی شکایات کے اندراج کے لیے ٹیلی فون، موبائل اور واٹس ایپ نمبرز موجود ہیں جبکہ فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور بورڈ کی کانگ جی کمپلینٹس کے نام سے پلے اسٹور پر موجود موبائل ایپلی کیشن کو ڈاؤن لوڈ کرکے بھی اپنی شکایات کا اندراج کراسکتے ہیں جس پر تمام افسران اور شکایات مرکز کے انچارج موجود ہوتے ہیں اور بروقت موصول ہونے والی شکایات کو متعلقہ افسران تک منتقل کر کے شکایات کے ازالے کو یقینی بنایا جاتا ہے۔