رشوت سے پاک معاشرہ ترقی یافتہ قوم کا عزم ہے، سلامت میمن

67

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر میرپور خاص سلامت میمن نے کہا ہے کہ کرپشن ایک ناسور ہے، جو ملک کی ترقی کو دیمک کی طرح کھا جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن زون ذاکر حسین سموں کے ہمراہ اینٹی کرپشن ڈے کے حوالے سے کمشنر کمپلیکس سے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے کہا کہ رشوت ایک سماجی برائی ہے، رشوت سے پاک معاشرہ ترقی یافتہ قوم کا عزم ہے، کرپشن حرام خوری نااہلی کو فروغ دیتی ہے اور میرٹ کی دھجیاں اڑاتی ہے، کرپشن سے پاک ملک ہم سب کا خواب ہے، خدا کے واسطے اپنے خاندان کو بدنامی اور تباہی سے بچانے کے لیے حرام کھانے سے گریز کرنا چاہیے۔ مقررین نے کہا کہ ملک سے رشوت ستانی کا خاتمہ کرنا ہم سب کی مذہبی و اخلاقی ذمے داری ہے، باہمی کوشش سے کرپشن کے ناسور کو ختم کرکے ملک کو ترقی کی طرف گامزن کیا جاسکتا ہے۔ ریلی میں سرکل آفیسر اسد اللہ میرانی، اسسٹنٹ کمشنر حسین بخش مری، محمد خان کھٹی، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز عبدالرزاق خاصخیلی، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن غوث محمد پٹھان، ڈپٹی ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن شاہد خان سمیت دیگر سرکاری محکموں کے افسران اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے کرپشن کیخلاف نعرے بازی کی اور رشوت ستانی ختم کرو، نسلوں کو بچاؤ، بدعنوانی اور رشوت ستانی ضمیر کی موت جیسے نعروںکے بینر اٹھائے ہوئے تھے۔