پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دیگر میچوں میں ٹیم کی جانب سے بہترین کارکردگی کی امید کرتے ہوئے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے کو اصل امتحان قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں مکی آرتھر نے کہاکہ مجھے پوری امید ہے کہ ٹیم اچھا کھیلے گی اور دوسرے ٹیسٹ میں اپنی کارکردگی کو بہتر کرے گی۔قومی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم کی کارکردگی حالیہ سیریز میں تسلی بخش رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ انگلینڈ میں ٹیم کی کارکردگی بڑی حوصلہ افزا تھی اور یہی جوش کئی سالوں تک طویل کیا جاسکتا ہے۔مکی آرتھر نے یاسر شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یاسر ایک غیرمعمولی باؤلر ہیں اور وہ مستقبل میں پاکستان کے چمپیئن باؤلر ہوں گے۔آرتھر نے کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف آنے والے دورے ٹیم کیلئے حقیقی امتحان ہوں گے تاہم میں ٹیم کے ساتھ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہوں۔