ابوظہبی ٹیسٹ،پاکستان نے دن کے اختتام تک 304 رنز بنالیے

174

ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہےدوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نے پہلے دن کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنالیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پہلے دن اننگز کا آغاز اظہر علی اور سمیع اسلم نے کیا تاہم ڈے اینڈ نائٹ میچ میں ٹرپل سنچری بناکر تاریخ رقم کرنے والے اظہر علی بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے جب کہ سمیع اسلم بھی صرف 6 رنز ہی بناسکے جس کے بعد اسد شفیق نےیونس خان کے ساتھ مل کر 87 رنز جوڑے اور 68 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ یونس خان وکٹ پر ڈٹے رہے اور کپتان مصباح الحق کے ہمراہ 175 رنز کی شراکت داری قائم کی، اس دوران تجربہ کاربیٹسمین نے اپنے کیرئیر کی 33 ویں سنچری اسکور کی لیکن وہ پہلے دن کے اختتام سے کچھ اوور پہلے ہی 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ مصباح الحق 90 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر کپتان مصباح الحق نے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا،ٹاس کے وقت قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، بابر اعظم کی جگہ یونس خان کو شامل کیا گیا ہے جب کہ وہاب ریاض اور محمد عامر کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ راحت علی اور ذوالفقار بابر کو موقع دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کوپہلے ٹیسٹ میں 56 رنز سے شکست دی تھی۔