ابوظہبی ٹیسٹ،دوسرے روز کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے 106 رنز بنالیے

166

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں4 وکٹوں پر 106 رنز بنا لئے، کالی آندھی کو گرین شرٹس کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 346 رنز درکار ہیں اور اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں، بیشو اور بلیک ووڈ وکٹ پر موجود ہیں۔ راحت علی نے 2 اور یاسرشاہ نے ایک وکٹ لی۔ قبل ازیں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 452 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

ہفتہ کو ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی ٹیم نے 304 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو مصباح الحق 90 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے پانچویں اوور میں پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب مصباح الحق 96 رنز بنانے کے بعد گبرائل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، یاسرشاہ پاکستان کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 25 رنز بنا کر ہولڈر کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر سرفراز نے سہیل خان کے ساتھ مل کر ساتویں وکٹ میں 70 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 412 تک پہنچا کر اس کی پوزیشن مستحکم کر دی، یہاں پر سرفراز 56 رنز بنانے کے بعد گبرائل کے زوردار یارکر پر وکٹ گنوا بیٹھے، محمدنواز 25 رنز بنا کر ہولڈر کی گیند پر بولڈ ہوئے، سہیل خان پاکستان کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 26 رنز بنا کر ہولڈر کی گیند کا نشانہ بنے، 452کے سکور پر پاکستان کی آخری وکٹ گری جب ذوالفقاربابر بغیر کوئی رن بنائے گبرائل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گبرائل نے کیریئر بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں لیں، جیسن ہولڈر نے 3، بیشو اور بریتھویٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے، کالی آندھی نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں پر 106 رنز بنا لئے تھے، کالی آندھی کو گرین شرٹس کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 346 رنز درکار ہیں اور اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں۔ ڈیرن براوو 43، مارلون سیموئلز 30، کریگ بریتھویٹ 21 اور لیون جانسن 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ راحت علی نے 2 اور یاسرشاہ نے ایک وکٹ لی۔