اسٹیٹ بینک 10روپے کا سکّہ جاری کرے گا

291

اسٹیٹ بینک 10روپے کا سکّہ 24 اکتوبر 2016ء سے جاری کرے گا،یہ سکّہ 24 اکتوبر 2016ء سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاؤنٹرز سے جاری کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق یہ سکّہ پیلے رنگ کا اور گول ہے اور کنارے پر دندانے ہیں، اس کا قطر 25.5 ملی میٹر ہے۔ سکّے کا وزن 5.50 گرام ہے۔ اس کی دوسری خصوصیات یہ ہیں سامنے کا رخ سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ ستارے اور ہلال کے اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں ’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘ کندہ ہے۔ ہلال کے نیچے اور گندم کی اوپر کی طرف خمیدہ دو بالیوں کے اوپر عددی صورت میں سکّے کا سالِ اجرا درج ہے۔ سکّے کے پورے کنارے پر چھوٹے موتیوں کا دائرہ ہے۔ پچھلے رخ پر وسط میں فیصل مسجد کی سامنے سے لی گئی تصویر ہے جس پر فاختائیں اْڑتی نظر آرہی ہیں۔ سکّے کے نچلی طرف اس کی عرفی مالیت جلی اعداد میں ’’10‘‘ اور اردو میں ’’روپیہ‘‘ کندہ ہے۔ سکّے کے پورے کنارے پر چھوٹے موتیوں کا دائرہ ہے۔