افغانستان،نیٹو کے ڈرون حملے اور فورسز کی کاروائیوں میں 48شدت پسند ہلاک

239

افغانستان میں نیٹو کے ڈرون حملے اور سیکورٹی فورسز کی کاروائیوں میں طالبان کے 3اہم کمانڈروں سمیت 48شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبہ قندوز میں نیٹو کے ڈرون حملے میں 14عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ۔صوبائی پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ڈرون طیارے نے طالبان کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 14 عسکریت پسند ہلاک اور 5زخمی ہوگئے۔آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والوں میں طالبان کے تین اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔مشرقی صوبہ کنڑ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 14طالبان عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔

ادھر قندوز میں افغان کمانڈوز کے خصوصی آپریشن کے دوران 20عسکریت پسند مارے گئے ۔کمانڈو فورس کے ترجمان احمد جواد بشارت کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران حضرت سلطان کے خطے میں کلتا تے گاؤں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ۔آپریشن کے دوران شدت پسندوں کے اسلحہ اور ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا۔

این ڈی ایس نے دارالحکومت کابل سے 21مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا ۔این ڈی ایس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار افراد سات مختلف گروپوں میں کام کر رہے تھے جن میں حسیب اللہ ،نانگیالی،علی احمد،الیاس،سید اشرف اور میرواعظ شامل ہیں۔