پاکستانیوں نے امریکہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے،بل کلنٹن 

265

سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے کہا ہے کہ مسلمانوں اور خاص کر پاکستانیوں نے امریکہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، دہشت گردی کیخلاف پاکستان امریکہ کا مضبوظ اتحادی ہے،ہم پاکستان میں جمہوریت اور معیشت کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں،ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات سے امریکہ کو نقصان پہنچا،ہیلری کلنٹن تجربہ کار اور امریکی صدارت کی مضبوط امیدوار ہیں۔

وہ گزشتہ روز نیویارک میں پاکستانی نژاد ڈاکٹر اعجاز احمد کی رہائش گاہ پر پاکستانی بزنس کمیونٹی کے فنڈ ریزنگ ڈنر سے خطاب کر رہے تھے۔ فنڈ ریزنگ ڈنر میں معروف بزنس مین میاں زاکر نسیم سمیت بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پرسابق امریکی صدر بل کلنٹن نے کہا کہ مسلمانوں اور خاص کر پاکستانیوں نے امریکہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے،جب میں امریکہ کا صدر تھا تو ہماری پالیسی تھی کہ دنیا میں امن قائم رہے اور تمام مسائل کو بات چیت سے حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم مسلمانوں نے محنت سے اپنا مقام حاصل کیا،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان امریکہ کا مضبوظ اتحادی ہے،ہم پاکستان میں جمہوریت اور معیشت کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں،ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات سے امریکہ کو نقصان پہنچا،ہیلری کلنٹن صدر منتخب ہو کر ڈونلڈ ٹرمپ کی مسلمانوں کیخلاف پالیسیوں کو اگے نہیں بڑھنے دیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہیلری کلنٹن امریکی صدارت کیلئے مضبوط امیدوار ہیں انہوں نے بطور وزیر خارجہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔