ابوظہبی ٹیسٹ، پاکستان نے تیسرے دن کے اختتام تک 114 رنز بنالیے

157

ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 224 رنز پر آؤٹ ہو گئی تاہم فالو آن کرانے کے بجائے پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا اچھا آغاز کیااور دن کے اختتام تک 1 وکٹ کے نقصان پر 114 رنز بنالیے،پاکستان نے ویسٹ انڈیز پر 342 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔

ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 224 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تاہم پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو فالوآن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز پر اعتماد انداز میں کیا گیا، سمیع اسلم نے 50 رنز بناکر93 کے مجموعی اسکور پر شینن گیبریل کی گیند پرآؤٹ ہوگئے جب کہ اظہر علی اور اسد شفیق بالترتیب 52اور5 رنزبناکر کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے کھیل کے تیسرے روز اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو روندرا بشو اور جرمائن بلیک ووڈ بغیر کھاتا کھولے وکٹ پر موجود تھے، بلیک ووڈ 8 رنز بنا کر راحت علی کا شکار بنے جب کہ بشو 20 اور چیز 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جیسن ہولڈر 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

 پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4، راحت علی نے 3 اور سہیل خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔