سانحہ کوئٹہ،وزیراعظم اور آرمی چیف کی زخمیوں کی عیادت

261

وزیر اعظم نوا زشریف او رآرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پولیس ٹریننگ سنٹر میں دہشتگردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی سول ہسپتال میں عیادت کی اور انہیں اس بات کا یقین دلایا کہ ا ن کے علاج معالجہ میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی اور پاکستان کی سلامتی کیلئے ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی‘ حکومت اور فوج مل کر دہشتگردی کے خاتمے کے لئے کوششیں کر رہی ہیں اور دہشتگردو ں کا بڑا نیٹ ورک توڑا گیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف نے سول ہسپتال میں دہشت گرد حملے میں زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ،قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ،وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری ،گورنر محمد خان اچکزئی، کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم اور آرمی چیف فرداً فرداً زخمیوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اپنے درمیان سیاسی اور عسکری قیادت کو پا کر زخمیوں کے حوصلے بلند ہوئے اور انہوں نے واقعہ کی تفصیلات سے بھی وزیر اعظم اور آرمی چیف کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زخمیوں کے علاج معالجہ میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے اور جو لوگ اس واقعہ میں شہید ہوئے ہیں ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ پاکستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔