طورخم بارڈر،چیک پوسٹ پر حملے میں 8 افغان سرحدی پولیس اہلکار ہلاک 

214

افغانستان کی سیکیورٹی فورسز نے ملک کے مختلف حصوں میں کارروائیوں کے دوران 100سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے،کنڑ میں ڈرون حملوں میں دو عرب جنگجووں سمیت 32عسکریت پسند ہلاک ہوگئے،ننگرہار میں طورخم بارڈر کے قریب چیک پوسٹ پر حملے میں 8افغان سرحدی پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ جنوبی صوبہ ہلمند میں جھڑپوں میں 34عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق اس دوران گریشک میں طالبان کی جیل سے چھ شہریوں کو رہائی دلائی گئی۔حکام کے مطابق طالبان کےخلاف بشران اوربولان کے علاقوں میں آپریشن جاری ہے۔طالبان کی طرف سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔مشرقی صوبہ کنڑ میں امریکی جاسوس طیاروں کے حملوں میں دوعرب جنگجووں سمیت 32افراد ہلاک ہوگئے۔

صوبائی پولیس سربراہ کے مطابق مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے کئی ارکان بھی شامل ہیں۔شمالی صوبہ قندوز میں آپریشن کے دوران 32عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیاہے۔حکام نے بتایا کہ آپریشن فیض آباد کے علاقہ میں کیا گیا۔حکام نے بتایاکہ اس دوران طالبان کے کئی حملوں کو ناکام بنایا گیا۔بادغیس میں جھڑپوں میں دو افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔مشرقی صوبہ ننگرہار میں طورخم کے قریب ایک حملے میں افغان بارڈر پولیس فورس کے 8اہلکار ہلاک ہوگئے۔