پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی کی لپیٹ میں

158

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو بدترین مندی کی لپیٹ میں رہی ،بازار حصص کی سرگرمیاں ماند پڑنے سے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 40100 پوائنٹس کی سطح تک گر گیا تھا ۔مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے32ارب سے زائدروپے ڈوب گئے۔

منگل کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے بادل چھائے رہے سرمایہ کاروں نے نہ صرف سرمایہ لگانے سے گریز کیا بلکہ منافع خوری کی خاطرفروخت کو بھی ترجیح دی جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 40800 کی حد سے نیچے گر گیا اور40100 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آگیا مارکیٹ کو مندی کی پڑی لہر سے بچانے کے خاطر حکومتی مالیاتی اداروں کی جانب سے سرمایہ کاری کی گئی جس کے باعث انڈیکس 40700 پوائنٹس کی سطح پر دوبارہ بحال ہو گیا مگر کاروبار کااختتام منفی انداز میں ہوا اورکے ایس ای100انڈیکس 40800 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گھٹ کر 40700 پوائنٹس کی کم سطح پربندہوا۔

تجزیہ کاروں نے سیاسی محاذ آرائی کے خاتمے تک مارکیٹ میں بہتری کو مشکل قرار دیا ہے ۔ منگل کو کاروبارکے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس میں87.27پوائنٹس کی کمی ریکارڈکی گئی جس سے کے ایس ای100انڈیکس 40852.03 پوائنٹس سے کم ہوکر 40764.76 پوائنٹس پرآگیااسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 19.34 پوائنٹس کی کمی سے 22277.86 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرزانڈیکس 28247.14 پوائنٹس سے گھٹ کر 28136.64 پوائنٹس پربندہوا۔منگل کے روزمارکیٹ کے سرمائے میں 32 ارب 66 کروڑ 5 لاکھ 84 ہزار470روپے کی کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم83کھرب48ارب90کروڑ55لاکھ74ہزار234روپے سے کم ہوکر83کھرب16ارب24کروڑ49لاکھ89ہزار764روپے رہ گیا۔