لیاقت بلوچ کی کوئٹہ حملہ کی شدید مذمت

169

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کوئٹہ میں دہشتگردی کے ہولناک واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دشمن کا ہدف سیکیورٹی ادارے ، سکول ، ہسپتال ، مساجد اور کاروباری مراکز ہیں ۔ شہدا پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں ۔ بے گناہ شہیدوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور پاکستان دشمن قوتیں ناکام و نامراد ہوں گی۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ امریکہ اور بھارت گٹھ جوڑ پاکستان کے خلاف مسلسل فعال ہے ۔ ملک کے اندر سیاسی شیرازہ بکھرا ہواہے ۔ حکمران اقتدار کی بجائے قومی سلامتی کو ترجیح دیں اور کرپشن کے خاتمہ کے لیے بلاامتیاز تحقیقات اور احتساب کے مسئلہ پر ضد اور انا چھوڑ دیں ۔ عدالتی کمیشن بنانے کے لیے متفقہ ٹی او آرز تسلیم ہو جائیں تو سیاست ، جمہوریت اور معیشت پر بے یقینی کے بادل چھٹ جائیں گے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی عدالتی اور عوامی محاذ پر کرپشن کے خاتمہ کے لیے عوامی بیداری کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ آئین ،آزاد عدلیہ اور جمہوری عمل کی حفاظت ہماری ترجیح اول ہے اسی لیے ہم نظریاتی ، معاشی اور انتخابی کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں۔