وزیراعلیٰ پنجاب کاعمران خان کو 26ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان

241

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عمران خان کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے 26ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان کر دیا۔

 بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان کو 14روز کا نوٹس دوں گا ، جواب آئے نہ آئے عدالت ضرور جاؤں گا ،جہاں روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کی درخواست کروں گا ، مجھ پر ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو مجرم ہوں گا ، اگر عدالت میں میں جھوٹا ہوا تو میں میرے بچے اور خاندان سیاست سے تائب ہوجائیں گے ، اگر عمران خان کے خلاف فیصلہ آیا تو سزا کا فیصلہ قوم کرے، عمران خان کے جھوٹے الزامات کا کبھی جواب نہیں دیا، آج پہلی دفعہ کہا ہے کہ عدالت جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ جاوید صادق میرے فرنٹ مین نہیں ،جاننے والے ہیں ، وہ پاکستان میں چینی کمپنی کے نمائندے ہیں ، مخالفین نے الزامات کے وقت پاک چین دوستی کا بھی نہ سوچا ، پانامہ لیکس کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے تو عمران خان نے اور طرف سے الزامات لگانے شروع کر دیے ، بے بنیاد الزامات لگا کر قوم کے دماغ میں وسوسے ڈالے جا رہے ہیں ، عمران خان صرف کاغذ لہراتے ہیں دکھاتے کچھ نہیں ، جاوید صادق پر کمیشن لینے کے الزامات بے بنیاد ہیں ، جاوید صادق کو آئی ٹی ٹاور کا ٹھیکہ پرویز الٰہی کے دور میں دیا گیا ، عمران خان نے مجھ پر 26ارب کی کرپشن کا الزام لگایا ،انہیں26ارب روپے ہرجانے کا ہی نوٹس بھجوائیں گے۔