ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی،پاکستان نے ملائیشیا کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالی فائی کرلیا

200

دفاعی چیمپئن پاکستان چوتھی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا، گرین شرٹس نے سیمی فائنل میں میزبان ملائیشیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 3-2 گولز سے زیر کر کے فائنل میں پہنچنے گیا۔

 ملائیشیا میں جاری ایونٹ میں ہفتہ کو کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم اعصاب کی جنگ میں قسمت نے پاکستان کا ساتھ دیا اور اس نے میزبان ٹیم کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 3-2 گولز سے زیر کر کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، میچ کے 18 ویں منٹ میں ملائیشین پلیئر شاہ ریل نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو کہ پہلے ہاف تک برقرار رہی۔

 دوسرے ہاف کے 34ویں منٹ میں پاکستان کے عبدالحسیم خان نے شاندار فیلڈ گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا، اس کے بعد دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کرنے کیلئے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی اور میچ 1-1 گول برابری پر ختم ہوا۔

 میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے دونوں ٹیموں کو 5، 5 پنالٹی شوٹ آؤٹ دیئے گئے جس میں پاکستان نے 3 جبکہ ملائیشین ٹیم دو گولز کر سکی، اسطرح پاکستان نے 3-2 گولز سے میچ جیت کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، گرین شرٹس کی طرف سے عبدالحسیم خان، محمد عرفان جونیئر اور محمدارسلان قادر نے گولز کئے۔