ہرارے ٹیسٹ ،سری لنکا نے دن کے اختتام تک 317 رنز بنا لئے

167

کوسل پریرا کی شاندار سنچری اور کوشل سلوا اور دیمتھ کرونارتنے کی نصف سنچریوں کی بدولت سری لنکا نے زمبابوے کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 317 رنز بنا لئے۔

ہفتہ کو ہرارے سپورٹس کلب میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن ٹیم کے کپتان رنگناہیراتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کرونارتنے اور سلوا نے انتہائی شاندار اور بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 123 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، یہاں پر کریمر نے کرونارتنے کو آﺅٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو پہلی کامیابی بھی دلائی، کرونارتنے 56 رنز بنا سکے، اس موقع پر پریرا نے سلوا کا ساتھ دیا۔

 دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ میں 75 رنز جوڑ کر سکور 198 تک پہنچا دیا، یہاں پر سلوا جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 94 کے انفرادی سکور پر والر کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہو گئے، اس کے بعد کوسل مینڈس نے پریرا کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ میں 84 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 282 تک پہنچا دیا، یہاں پر کریمر نے مینڈس کو آﺅٹ کر کے ایک بار پھر اہم پارٹنرشپ توڑی، مینڈس 34 رنز بنا سکے، 307 کے سکور پر آئی لینڈرز کی چوتھی وکٹ گری جب کوسل پریرا 110 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد کریمر کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، اس کے بعد تھرنگا اور ڈی سلوا نے محتاط انداز اپنایا اور مزید نقصان نہ ہونے دیا، اس طرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے 4 وکٹوں پر 317 رنز بنا لئے تھے۔ تھرنگا 13 اور ڈی سلوا 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔