دورہ نیوزی لینڈ کیلئے 16رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان

213

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے دورے میں کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے سولہ رکنی پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوپنر شرجیل خان بیس ون ڈے اور پندرہ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے بعد پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرلیے گئے ہیں۔شرجیل خان کو سلیکٹرز نے محمد حفیظ پر ترجیح دی ہے جو ان دنوں فارم میں نہ ہونے کے سبب ٹیم میں واپس آنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔ اوپنر شان مسعود بھی انگلینڈ کے دورے کے بعد سے سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔انگلینڈ کے دورے میں محمد حفیظ اور شان مسعود کے ناکام ہونے کے بعد سے اظہرعلی اور سمیع اسلم اننگز کا آغاز کررہے ہیں۔لیفٹ آرم اسپنر ذوالفقار بابر بھی ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے مصباح الحق ( کپتان ) اظہرعلی، سمیع اسلم، اسد شفیق، یونس خان، سرفراز احمد۔، محمد نواز، یاسرشاہ، محمد عامر، وہاب ریاض، راحت علی، عمران خان سینئر، سہیل خان، محمد رضوان، بابراعظم اور شرجیل خان۔

پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ پہلا ٹیسٹ سترہ نومبر سے کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ پچیس نومبر سے ہملٹن میں ہوگا۔