افغانستان،سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں97شدت پسند ہلاک

216

افغانستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں حقانی نیٹ ورک کے کمانڈر اور طالبان کے فرضی ڈپٹی گورنر سمیت97شدت پسند ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق صوبہ پکتیکا میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں حقانی نیٹ ورک کے کمانڈر اور طالبان کے فرضی ڈپٹی گورنر سمیت 50شدت پسند ہلاک ہوگئے وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ پکتیکا کے ضلع وور میمے میں پولیس فورسز کے آپریشن کے دوران حقانی نیٹ ورک کا کمانڈر تین ساتھیوں سمیت مارا گیا جس کی شناخت وحید عرف جمشید کے نام سے ہوئی ہے جو حقانی نیٹ ورک کا اہم کمانڈر مانا جاتا تھا۔

دریں اثناء بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے ضلع تروا کے گاؤں تانڈی بوزا میں فضائی کاروائی کے دوران طالبان کے فرضی ڈپٹی گورنر عطااللہ سمیت 45جنگجو مارے گئے ۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ بڑے حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے ۔مشرقی صوبہ کنڑ کے ضلع دانگام میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں طالبان کے 47جنگجو ہلاک اور 12دیگر زخمی ہوگئے ۔صوبائی گورنر وحید اللہ کلیم زئی کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند دانگام ،اسمار،واٹہ پور اور سراکانو اضلاع میں بڑے حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے ۔