سوئٹزرلینڈ،سیکورٹی فورسز کا مسجد پر چھاپہ،امام مسجد سمیت 4 افراد گرفتار

291

شمالی سوئٹزرلینڈ کے شہر ونٹرتھر میں ایک مسجد پر چھاپے کے دوران سیکورٹی فورسز نے 4 افراد کوگرفتارکرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی سوئٹزرلینڈ کے شہر ونٹرتھر میں ایک مسجد پر چھاپے کے بعد حکام نے 4 افراد کوگرفتارکرلیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق انہیں تشدد پر اکسانے سے متعلق بیان دینے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا پر نشر کردہ رپورٹوں کے مطابق النور نامی مسجد پر شبہ ہے کہ اس کے عسکریت پسندوں کے ساتھ روابط ہیں اور مبینہ طور پر مسجد میں باقاعدگی سے جانے والے چند نوجوان شام اور عراق جا کر اسلامک اسٹیٹ میں شامل ہو چکے ہیں۔

 دفتر استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حراست میں لیے جانے والے چار میں سے تین ملزمان کے گھروں کی بھی تلاشی لی گئی۔ چاروں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ یہ پیش رفت ایسی رپورٹوں کے بعد سامنے آئی، جن کے مطابق ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے ایک امام نے حال ہی میں مسجد میں با جماعت نماز نہ ادا کرنے والے مسلمانوں کے قتل کی ترغیب دی تھی۔