پرتھ ٹیسٹ:دوسرا روز جنوبی افریقہ کے نام

171

آسٹریلوی ٹیم پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 244 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ڈیوڈ وارنر 97 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ ورنن فلینڈر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنا لئے اور اسے 102 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پرتھ میں ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 105 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو ڈیوڈ وارنر 73 اور شان مارش 29 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، دونوں بلے بازوں نے 158 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، ڈیوڈ وارنر 97 اور شان مارش 63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، بعد میں آنے والے آسٹریلوی بلے باز اچھے آغاز کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے، عثمان خواجہ 4 ، سٹیون سمتھ صفر، ایڈم ووجز 27 ، مچل مارش صفر، پیٹر نیول 23، مچل سٹارک صفر، جوش ہیزل ووڈ 4 اور نیتھن لائن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ پیٹر سڈل 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح آسٹریلیا کی پوری ٹیم 244 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ورنن فلینڈر نے چار، کیشوو مہاراج نے تین، کگیسو ربادا نے دو اور ڈیل سٹین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنا لئے۔ سٹیفن کک 12 اور ہاشم آملہ ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے، ڈین ایلگر 46 اور جے پی ڈومنی 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ جوش ہیزل ووڈ اور پیٹر سڈل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔