شمالی افغانستان میں شادی کی تقریب میں مارٹر گولہ کے پھٹنے سے 7افراد ہلاک

192

شمالی افغانستان میں شادی کی تقریب میں مارٹر گولہ کے پھٹنے سے 7افراد ہلاک اور10زخمی ہوگئے،شمالی صوبہ قندوز میں حکام نے آپریشن اور فضائی حملوں میں طالبان کے شیڈو گورنر سمیت13عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔

افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز فاریاب کے علاقہ خوسہ قلعہ میں شادی کی ایک تقریب جاری تھی کہ اس دوران مارٹر کا گولہ آگرا۔مارٹر گولہ پھٹنے سے 7افراد ہلاک اوردلہن سمیت10دیگر زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔اس علاقہ میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن بھی جاری ہے اورحکام نے کہاہے کہ فی الوقت یہ نہیں کہا جاسکتا کہ گولہ کس نے فائر کیا۔

شمالی صوبہ قندوز میں حکام نے آپریشن اور فضائی حملوں میں طالبان کے شیڈو گورنر سمیت13عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔افغان حکام کے مطابق یہ کارروائیاں صوبائی دارالحکومت کے قریب کی گئیں۔حکام نے کہاہے کہ مرنے والوں میں طالبان کے شیڈو گورنر بھی شامل ہے۔قندوز میں ایک روز قبل اتحادی لڑاکا طیاروں کی بمباری میں 30شہری ہلاک ہوگئے تھے۔