اسلام دشمنی میں یمن کے باغی یہودیوں کی مانند ہیں،امام کعبہ

258

مسجد الحرام کے امام وخطیب (امام کعبہ) الشیخ ڈاکٹر خالد الغامدی نے یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں کو مقدس مقامات پرحملوں کی بنا پر یہودیوں کے مشابہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح فلسطین میں قابض یہودی مسجد اقصی کی آئے روز بے حرمتی کرتیاور مقدس مقامات کی توڑپھوڑ کرکے اسلام دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہیں، اسی طرح یمن کے حوثی مکہ معظمہ پر میزائل حملے اور دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے اسلام دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں۔

سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق الشیخ ڈاکٹر خالد الغامدی کا کہناہے کہ اسلام سے بغض، نفرت اور دشمنی میں حوثی باغی یہودیوں ہی کی مانند ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جس طرح اللہ تعالی نے یہودیوں کی چالوں اور ریشہ دوانیوں کو ناکام ونامراد کیا ہے، اسی طرح حوثیوں کو بھی ان کی سازشوں میں ناکام کرے گا۔ انہوں نے خطبہ جمعہ میں عالم اسلام سے دہشت گردی کے خلاف اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے اور سرزمین حرمین کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے خلاف مل کر لڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں یمن کے حوثی باغیوں نے مکہ معظمہ پر بیلسٹک میزائل حملے کی سازش کی تھی تاہم سعودی عرب کے میزائل ڈیفنس سسٹم نے حوثیوں کا میزائل حملہ ناکام بنا دیا تھا۔ مکہ پرمیزائل حملے کے بعد عالم اسلام کی طرف سے حوثیوں کی مذمت اور سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا رہا ہے۔