پرتھ ٹیسٹ،آسٹریلوی ٹیم مشکلات کا شکار

155

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے مابین پہلے ٹیسٹ میں مہمان جنوبی افریقہ نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے ،جنوبی افریقہ کے 539رنزپہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کینگروز بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور آسٹریلیا کے169رنز پر4بلے باز پویلین لوٹ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز6 وکٹوں کے نقصان پر390رنز سے شروع کی اور آٹھ وکٹوں کے نقصان پر540رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی۔فیلنڈر اور ڈی کاک نے پہلے سیشن میں اعتماد سے آسٹریلوی بولرز کا مقابلہ کیا اور سکور میں مزید 78رنز کا اضافہ کیا۔جب جنوبی افریقہ کا سکور 468 رنز پر پہنچا تو ڈی کاک نصف سنچری بنانے کے بعد مچل مارش کی گیند پر کیچ ہوگئے۔ انھوں نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔ڈی کاک کی جگہ آنے والے کیشو مہاراج نے بھی فیلنڈر کے ساتھ مل کر مخالف ٹیم کے بولرز کو پریشان کیے رکھا اور آٹھویں وکٹ کیلئے72رنز کی شراکت قائم کر دی۔ اس شراکت کا خاتمہ سٹیون سمتھ نے 73 رنز بنانے والے فیلینڈر کو آؤٹ کر کے کیا اور اس وکٹ کے ساتھ ہی جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

اس میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں242رنز بنا سکی تھی جس کے جواب میں158رنز کا آغاز ملنے کے باوجود آسٹریلیا کی ٹیم 244رنز ہی بنا سکی تھی اور اسے پہلی اننگز میں دو رن کی برتری ملی تھی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے 539رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے اوپنرز نے ٹیم کو 52 رنز کا آغاز دیا۔آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز وارنر تھے جو 35 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔میزبان ٹیم کی دوسری وکٹ بھی اسی سکور پر گری جب دوسرے اوپنر شان مارش 15 رنز بنانے کے بعد ربادا کے اسی اوور میں ڈوپلیسی کو کیچ دے بیٹھے۔

تیسری وکٹ کے لیے سٹیون سمتھ اور عثمان خواجہ کے درمیان 92رنز کی شراکت ہوئی جس کا خاتمہ ربادا نے کیا۔ آؤٹ ہونے والے بلے باز سمتھ تھے جو 34 رنز بنانے کے بعد وکٹوں کے پیچھے کیچ ہو گئے۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے 4وکٹوں کے نقصان پر169رنز بنا لئے ہیں جبکہ مچل مارش15اور عثمان خواجہ58رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ٹیسٹ کے آخری روز میزبان آسٹریلیا کو جیت کیلئے370رنز درکار ہیں اور اسکی 6وکٹیں ابھی باقی ہیں۔