بیرونی ممالک کی حمایت سے دہشت گردتنظیموں نےاپنی جڑوں کومضبوط بنایا،ترک صدر

188

ترک صدر رجب طیب اردگان نے دہشت گرد تنظیم پی کے کے کی شاخوں پی وائے ڈی اور وائے پی جی کی حمایت کرنے والے ممالک پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی ممالک کی حمایت سے دہشت گرد تنظیموں نے اپنی جڑوں کو مضبوط بنایاہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر نے بیش تیپے کانگریس سینٹر میں الیکٹرک پاور اسٹیشنوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی دہشت گرد تنظیم کی حمایت سے کسی دوسری دہشت گرد تنظیم کیخلاف جدوجہد کرنا غلط پالیسی ہے ۔انھوں نے عالم مغرب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی وائے ڈی ایک دہشت گرد تنظیم ہے۔ ترکی ان تنظیموں پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن بیرونی ممالک کی حمایت سے ان تنظیموں نے اپنی جڑوں کو مضبوط بنایاہے۔

صدر اردگان نے کہا کہ پی کے کے صرف ساڑھے تین ہزار دہشت گردوں سے عبارت نہیں ہے۔ اسی طرح داعش، فیتو اور ڈی ایچ کے پی سی کے دہشت گردوں کی تعداد بھی اتنی نہیں ہے جتنی نظر آتی ہے۔ ان تنظیموں کے پس پشت مختلف طاقتیں اور منصوبے موجود ہیں۔ صدر اردگان نے دہشت گرد تنظیم فیتو کے بارے میں مغربی ممالک کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک جتنے دہشت گردوں کو اپنے ممالک میں پناہ دے سکتے ہیں دیں لیکن ایک دن آئے گا یہ دہشت گرد انھیں بھی اپنا نشانہ بنائیں گے ۔