ایڈیلیڈ ٹیسٹ،دوسرے روز کا اختتام،آسٹریلیا نے307رنز بنا لئے

224

آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر307 رنز بنا لئے اور اسے 48 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، عثمان خواجہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور وہ 138 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، کائل ایبٹ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

 تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ایڈیلیڈ میں ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 14 رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کی تو عثمان خواجہ 4 اور رینشا 8 رنز پر کھیل رہے تھے، 19 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کی پہلی وکٹ گری جب رینشا 10 رنز بنانے کے بعد کائل ایبٹ کی گیند پر ڈین ایلگر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ڈیوڈ وارنر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے انہیں بھی کائل ایبٹ نے 11 کے انفرادی سکور پر ڈین ایلگر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس موقع پر عثمان خواجہ اور کپتان سٹیون سمتھ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 137 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 174 تک پہنچا دیا، سمتھ بدقسمت رہے اور 59 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ 273 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ گر گئی، پیٹر ہینڈزکامب 54 رنز بناکر کائل ایبٹ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

عثمان خواجہ نے ایک طرف سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کیریئر کی پانچویں سنچری سکور کی، نک میڈیسن صفر جبکہ میتھیو ویڈ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد عثمان خواجہ اور مچل سٹارک نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور کھیل کے اختتام پر ٹیم کا سکور 307 رنز تک پہنچا دیا، عثمان خواجہ 138 اور سٹارک 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ کائل ایبٹ نے تین جبکہ ورنن فلینڈر اور کگیسو ربادا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔