جنرل زبیرمحمود حیات کا پاک فضائیہ ہیڈکوارٹر کا دورہ

145

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں اور جدیدیت کے پروگراموں پر اطمینان کااظہارکرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار اور ائیر مینوں کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔

بدھ کو ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے اپنے پہلے دورے کے موقع پر گفتگوکر رہے تھے۔پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق جنرل زبیر محمود حیات جب ایئر ہیڈ کوارٹر پہنچے تو پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے ان کا استقبال کیا۔ان کی ائیرہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے معزز مہمان سے پرنسپل سٹاف آفیسر ز کا تعارف کرایا ۔

بعد ازاں جنرل زبیر محمودحیات نے ائیر چیف سے انکے آفس میں ملاقات کی۔ دونوں معزز شخصیات کچھ دیر تک ایک ساتھ رہیں اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا ۔ چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار اور ائیر مینوں کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں اور جدیدیت کے پروگراموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔