آرمی چیف کا کور ہیڈ کوارٹرز پشاور اور شمالی وزیرستان کا دورہ

144

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی ، کسی دہشت گرد کو دوبارہ واپس نہیں آنے دیا جائے گا، میری اولین ذمہ داری اندرونی وبیرونی خطرات سے ملک کا دفاع ہے ، ٹی ڈی پیز کی اپنے علاقوں میں واپسی مقررہ وقت پر ہونی چاہیے اور انکی باعزت بحالی کے لئے ہر طرح کی کوششوں کو یقینی بنایا جائے۔

بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد فیلڈ فارمیشزکا پہلا دورہ کیا اور اس سلسلے میں کور ہیڈ کوارٹر پشاور اور شمالی وزیرستان ایجنسی پہنچے ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کور ہیڈ کوآرٹر میں کے پی کے ، فاٹا اور مالاکنڈ ڈویژن میں سیکیورٹی کی صورتحال ، جاری کومبنگ آپریشنز ، ٹی ڈی پیز کی واپس میں پیش رفت اور جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

بعدازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہیں مقامی انفارمیشن کمانڈرکی طرف سے ایجنسی میں سیکیورٹی کی صورتحال ،ٹی ڈی پیز کی دوبارہ بحالی اور علاقے میں جاری تعمیر نو کے کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔

 اس موقع پر فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ آرمی چیف نے بہادر قبائل ، فوج کے افسران اور جوانوں ،ایف سی ، لیویز اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی دہشت گرد کو دوبارہ واپس نہیں آنے دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی حیثیت سے میری اولین ذمہ داری اندرونی وبیرونی خطرات سے ملک کا دفاع ہے ۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک افغان بارڈرمنیجمنٹ کو موثر اور مضبوط بنانے کے لئے ایف سی کے نئے ونگز بنانے کی ضرورت پر زوردیا ۔انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی پیز کی اپنے علاقوں میں واپسی مقررہ وقت پر ہونی چاہیے اور ان کی باعزت بحالی کے لئے ہر طرح کی کوششیں کی جانی چاہیءں ۔اس سے قبل پشاور پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے استقبال کیا جو آرمی چیف کے ساتھ شمالی وزیرستان بھی گئے ۔