افغانستان،طالبان جنگجوؤں نے 23شہریوں کو قتل کردیا 

219

افغانستان میں طالبان جنگجوؤں نے 23شہریوں کو قتل کردیا جبکہ سیکورٹی فورسز نے طالبان کے 5بم بنانے کے ماہر عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیادوسری جانب افغان حکام نے مشرقی صوبہ ننگرہار کے اہم ضلع پاچیر آگم کو داعش سے مکمل طور پر پاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

جمعہ کو افغان میڈیا کے مطابق جنوبی صوبہ قندھار میں طالبان جنگجوؤں نے 23شہریوں کو قتل کردیا ۔صوبائی پولیس چیف جنرل عبدلرازق کا کہنا ہے کہ طالبان عسکریت پسندوں نے گزشتہ 48گھنٹوں میں 23شہریوں کو ہلاک کردیا۔ہلاکتیں ضلع نس کے مختلف علاقوں میں ہوئی ہیں تاہم انھوں نے مزید معلومات فراہم نہیں کی ۔رزاق کا کہنا ہے کہ ضلع میں حالیہ دنوں میں ہونے والی لڑائی میں 29طالبان جنگجو اور 6افغان سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ادھر صوبہ ہلمند میں افغان سیکورٹی فورسز نے طالبان کے 5بم بنانے کے ماہر عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔

وزارت دفاع کے مطابق افغان آرمی نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا اس دوران طالبان کے 5بم بنانے کے ماہر عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پانچوں عسکری پسند دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی ) اور بارودی سرنگیں بنانے کے ماہر تھے اور انکا کمانڈر اختر محمد ضلع ناد علی میں ایک آپریشن کے دوران مار اگیا تھا۔سیکورٹی فورسز نے چھاپے کے دوران 50آئی ای ڈیز،امونیم نائٹریٹ اور آئی ای ڈی بنانے کے سامان سے بھری 5بوریاں بھی قبضے میں لیں۔

دوسری جانب افغان سیکورٹی فورسز نے مشرقی صوبہ ننگرہار کے اہم ضلع پاچیر آگم کو داعش سے مکمل طور پر پاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن افغان نیشنل پولیس ،پبلک آرڈر پولیس ،مقامی پولیس ،بارڈر پولیس اور افغان انٹیلی جنس کی مدد سے مشترکہ طور پر کیا گیا ۔افغان سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران راکٹوں ،راکٹ لانچروں اور بارودی سرنگوں سمیت مختلف اقسام کے ہتھیار بھی قبضے میں لے لیے۔