ہیکرز نے روسی بینک سے 3 کروڑ ڈالرچوری کرلیے

225

ہیکرز نے روس کے مرکزی بینک کے اکاؤ نٹ کو ہیک کرکے 2 ارب روبیلز (3 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز) چوری کرلیے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی مرکزی بینک کے ایک عہدے دار آرٹیوم سائیچیوف نے بتایا کہ ہیکرز نے تقریبا 5 ارب روبیلز چرانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ ہیکرز نے کلائنٹ کی جعلی معلومات کے ذریعے اکانٹس تک رسائی حاصل کی اور رقم چوری کرنے میں کامیاب رہے۔مرکزی بینک نے اس واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی جاری کی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں سائر حملوں کا رجحان بڑھتا جارہا ہے اور دنیا بھر میں مالیاتی نگراں اداروں نے بینکوں کو ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ وہ بڑھتے ہوئی سائبر حملوں کے پیش نظر اپنی سیکیورٹی کو بہتر بنائیں۔

دوسری جانب روس کی جانب سے یہ بیان بھی جاری کیا گیا ہے کہ اس نے غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کی ایک سازش کا سراغ لگایا ہے جس کے تحت بیرونی طاقتیں روس کے بینکنگ سسٹم پر مسلسل سائبر حملے کرکے ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کررہی ہیں۔اس سے قبل رواں برس فروری میں بنگلہ دیش کے مرکزی بینک کے امریکا میں موجود شاخ سے بھی ہیکرز نے 8 کروڑ 10 لاکھ ڈالر چرا لیے تھے۔چوری کا مذکورہ واقع 5 فروری کو پیش آیا تھا اور اس رقم کے کھوجانے کے ایک ماہ بعد اس حوالے سے ہونے والے انکشاف کے باعث گورنر اسٹیٹ بینک سے استعفی طلب کیا گیا تھا۔

ٹیکنالوجی کے ماہر ان ہیکرز نے بینک کے اکانٹس تک رسائی حاصل کرکے متعدد فراڈ اکاؤنٹس میں پیسے فلپائن اور سری لنکا ٹرانسفر کرانا شروع کردیئے تھے۔یہ ہیکرز کامیابی سے 8 کروڑ 10 لاکھ ڈالر فلپائن کے 4 اکاؤنٹس میں منتقل کرچکے تھے مگر بنگلہ دیش کے لیے یہ کوشش زیادہ بدترین صرف اس لیے ثابت نہیں ہوسکی کیونکہ ایک ہیکر نے اسپیلنگ میں غلطی کردی۔