جماعت اسلامی اور تاجروں کا اورنج لائن منصوبہ پر کام ٹھپ ہونے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

202

اورنج لائن ٹرین منصوبہ کو مکمل نہ کئے جانے کے خلاف ملتان روڈ تاجران اتحاد کے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم نے پنجاب حکومت اور لاہور کی ضلعی انتظامیہ کو چارٹر آف ڈیمانڈ دیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ منصوبے کی تکمیل کا ٹائم ٹیبل دیا جائے ،ملتان روڈ کی آبادیوں کو مستقل پختہ سڑکیں دی اور بڑی تعداد میں مین ملتان روڈ پر ٹریفک وارڈن ڈیوٹی پر تعینات کئے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو،گرد و غبار کی وجہ سے شہری دمہ اور سانس و پیٹ کے موذی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں ،بیماریوں سے بچاؤ کیلئے ملتان روڈ پر دن میں کم از کم تین بار پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے ۔

اگر حکومت نے اس چارٹر آف ڈیمانڈ پر فوری عمل درآمد کا آغاز نہ کیا تو لاکھوں متاثرین کے ساتھ وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھراؤکریں گے ۔مظاہرے میں ملتان روڈ کے سینکڑوں دکانداروں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔مظاہرین نے حکمرانوں کے خلاف سخت نعرے بازی کی اور اورنج لائن ٹرین منصوبے کو جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ،انجمن تاجران ٹھوکر نیاز بیگ کے صدر سید ذیشان الحسن ،ملک محمد شفیق ،اے ڈی کاشف ،کونسلر آصف ثناء قاضی ،کونسلر محمد اکبر ساقی ،حکیم عطاء الرحمن صدیقی اور انجمن تاجران منصورہ بازار کے سیکرٹری جنرل میاں حمید اللہ نے بھی خطاب کیا۔

امیر العظیم نے کہا کہ سابقہ حکومت نے اورنج لائن ٹرین زیر زمین گزارنے کا منصوبہ بنایا تھا جس پر 65 1ارب روپے اخراجات کا تخمینہ تھا جس سے کھربوں روپے کے کاروبار بھی تباہی سے بچ جاتے اور پورے شہر کو کھنڈر بھی نہ بنایا جاتا مگر کمیشن خور حکمرانوں نے اپنا کمیشن بنانے کیلئے لاہور کے ڈیڑھ کروڑ شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے شہریوں کے گلے گرد و غبار کی وجہ سے بیٹھے ہوئے ہیں اور حکمرانوں کے دل پانامہ لیکس نے بٹھا دیئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ قطری شہزادے کا خط بھی حکمرانوں کی ڈوبتی کشتی کو نہیں بچا سکے گا۔ہمیں جنگلا بس اور میڑو ٹرین کے خلاف اس لئے بولنا پڑا کہ حکمرانوں کو عوام کی فلاح و بہبود سے نہیں اپنے کمیشن سے غرض ہے اور اربوں روپے کا کمیشن کھانے کیلئے انہوں نے پورے لاہور کو گڑھوں میں تبدیل کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کیلئے حکمران اربوں ڈالر قرضہ لے رہے ہیں ،لاہور کا پورا بجٹ ان منصوبوں کی نذر ہوگیا ہے حکمران بتائیں کہ وہ عوام پر قرض کا جو بوجھ لاد رہے ہیں اسے واپس کون کرے گا۔انہوں نے کہا کہ حکمران امریکہ برطانیہ اور مغرب کے جن ترقی یافتہ ممالک سے مرعوب ہیں وہاں عوام کی زندگیوں کو پہلے محفوظ بنایا جاتا ہے اور بعد میں کوئی منصوبہ شروع کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں اتنے لوگ ہلاک نہیں ہوئے جتنے بچے لاہور کے چلڈرن ہسپتال میں موت کے منہ میں چلے گئے ہیں مگر بے حس حکمرانوں کو عوام کی پریشانیوں سے کوئی سروکار نہیں ۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ اورنج لائن منصوبہ لاہور کیلئے رحمت کی بجائے زحمت بن چکا ہے ،یہ کسی ایک علاقے کانہیں بلکہ پورے شہر کا مسئلہ ہے ،پورا شہر پریشان ہے لیکن کمیشن مافیا اور نام نہاد عوامی نمائندوں نے اس پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور کوئی عوام کی آواز بننے کو تیار نہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اگر اسی طرح عوام کیلئے مسائل پیدا کرنے ہیں تو انہیں مزید برداشت نہیں کریں گے ۔ہم چاہتے ہیں کہ گھی سیدھی انگلیوں سے نکل آئے لیکن حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو ہمیں انگلیاں ٹیڑھی کرنا بھی آتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اورنج لائن ٹرین کے متاثرین کے ساتھ ہیں اور اگر لوگوں کو اس مصیبت سے چھٹکارا دلانے کیلئے ہمیں وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرنا پڑا تو اس سے دریغ نہیں کریں گے ۔