بلغاریہ،ٹرین میں دھماکہ،4 افراد ہلاک،25 زخمی

171

بلغاریہ میں ٹرین میں دھماکوں کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 25 زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹرین ایل پی جی گیس کی بوگیاں لے کر جا رہی تھی کہ ہیترینو گاؤں کے قریب پٹری سے اتر گئی۔ ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق گاؤں کے سٹیشن پر ٹرین کے ساتھ جڑے دو ٹینک پٹری سے اترے اور بجلی کی تاروں کے ساتھ ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں زوردار دھماکے ہوئے اور ہر جانب آگ ہی آگ نظر آنے لگی۔

وزارت داخلہ کے چیف سیکرٹری جیورجی کوستوو کا کہنا ہے کہ ’’2 دھماکوں کے باعث شدید آگ لگی ہے اور تقریباً 20 عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔ حادثے میں بہت سے لوگ زخمی ہیں جن میں سے زیادہ تر جھلس کر زخمی ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فائر ڈیپارٹمنٹ کے 150 کے قریب افراد آگ پر قابو پانے کی کوشش میں مصروف ہیں اور ٹرین کی پٹری کے اردگرد واقع گھروں میں ممکنہ طور پر محصور افراد کو تلاش کر رہے ہیں جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔