تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری

114

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں عالمی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم کی پہلی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی، کیوی ٹیم کے کینگروز کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کے بعد 2 ریٹنگ پوائنٹس میں کمی ہوئی ہے تاہم اس کا چوتھا نمبر برقرار ہے۔

آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین عالمی رینکنگ کے تحت کینگروز ٹیم 120 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقہ دوسرے، بھارت تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں اور پاکستان آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

 بلے بازوں میں ڈی ویلیئرز پہلے، ویرات کوہلی دوسرے، ڈیوڈ وارنر تیسرے، ڈی کوک چوتھے اور کین ولیمسن پانچویں نمبر پر موجود ہیں، گپٹل 2 درجے ترقی پا کر آٹھویں سے چھٹے نمبر پر آ گئے، ہاشم آملہ اور جوروٹ تنزلی کے بعد ساتویں اور آٹھویں نمبر پر چلے گئے، روہت شرما کا نواں نمبر برقرار ہے، سٹیون سمتھ 6 درجے بہتری کے بعد دسویں نمبر پر پہنچ گئے، بابر اعظم 15ویں نمبر پر موجود ہیں۔

باؤلرز میں ٹرینٹ بولٹ کا پہلا نمبر برقرار ہے، محمدعرفان 17ویں نمبر پر موجود ہیں، آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن پہلے نمبر پر موجود ہیں۔