پی آئی اے کی بارسلونا کیلئے پروازوں کا آغاز

204

پی آئی اے نے سپین کے شہر بارسلونا کےلئے ہفتہ وار دو پروازوں کا آغاز کر دیا جو کہ لاہور اور اسلام آباد سے چلائی جائیں گی۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق پہلی پرواز پی کے769 اتوارکی صبح اسلام آباد سے براستہ پیرس، بارسلونا کےلئے روانہ ہوئی۔سات دسمبر کو پی آئی اے کی پرواز پی کے661 کو پیش آنے والے حادثے کے سبب بارسلونا کے لیے پروازوں کے آغاز کی تقریب منسوخ کر دی گئی تھی۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ نے بارسلونا کے لیے مسافروں کو رخصت کیا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئی کہا کہ تقریباً 2 سال کے وقفہ کے بعد بارسلونا کےلئے شروع کی جانے والی پروازوں سے مسافروں کو پاکستان اور بارسلونا کے درمیان آسان سفری سہولتوں کا دوبارہ سے آغاز ہو گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ائیرلائن بارسلونا کےلئے ہفتہ وار دو پروازیں چلائے گی۔ جن میں سے ایک ہر اتوار کو اسلام آباد جب کہ دوسری ہر منگل کو لاہور سے بارسلونا روانہ ہوگی۔قومی ائیرلائن کا بین الاقوامی فضائی آپریشن اپنے شاندار ماضی کی نسبت انتہائی محدود ہے جب کہ اسے شدید مالی مشکلات کا بھی سامنا ہے۔

پی آئی اے نے گزشتہ ماہ یعنی نومبر مختلف ملکی اور غیر ملکی بینکوں سے 13 کروڑ ڈالر کا قرضہ حاصل کیا تھا جس کے حوالے سے ادارے کا کہنا ہے کہ اسے ادارے کے جنرل ورکنگ کیپٹل کی ضروریات اور مسافروں کیلئے دی جانے والی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کی جائے گی۔