تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری

182

 سٹار بھارتی بلے باز ویرات کوہلی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں کیریئر بہترین دوسری پوزیشن حاصل کر لی،ایشون نے باؤلرز میں پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی، وہ 904 پوائنٹس حاصل کرنے والے دنیا کے دوسرے آف سپنر بن گئے۔ آل راؤنڈرز میں ایشون کا پہلا نمبر برقرار ہے۔

 آئی سی سی نے بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ کے بعد تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے تحت بلے بازوں میں سٹیون سمتھ سرفہرست ہیں، کوہلی ممبئی ٹیسٹ میں شاندار ڈبل سنچری بنا کر ایک درجہ ترقی کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے، جوروٹ ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے، کین ولیمسن چوتھے، ہاشم آملہ پانچویں، اے بی ڈی ویلیئرز چھٹے، ڈیوڈ وارنر ساتویں اور چیتشورپوجارا آٹھویں نمبر پر ہیں، یونس ایک سیڑھی چڑھ کر نویں نمبر پر آ گئے، جونی بیئرسٹو تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر چلے گئے، مصباح 14ویں اور اظہرعلی 17ویں نمبر پر موجود ہیں، مرلی وجے 5 درجہ ترقی پا کر 24ویں نمبر پر آ گئے، ممبئی ٹیسٹ میں ڈیبیو سنچری بنانے والے کیٹن جیننگز کی 64ویں پوزیشن کے ساتھ انٹری ہوئی ہے، چوتھے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے بھارتی کھلاڑی جیانت یاداو 31 درجے چھلانگ لگا کر 56ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

باؤلرز میں ایشون نے 904 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن مزید مضبوط کر لی، ایشون، مرلی دھرن کے بعد بہترین پوائنٹس حاصل کرنے والے دنیا کے دوسرے آف سپنر ہیں، ایشون کو رنگناہیراتھ پر 67 پوائنٹس کی برتری ہے، سٹین تیسرے، اینڈرسن چوتھے اور ہیزلووڈ پانچویں نمبر پر ہیں، جدیجا ایک درجہ بہتری کے ساتھ چھٹے نمبر پر آ گئے، یاسرشاہ کا نواں نمبر برقرار ہے، آل راؤنڈرز میں ایشون پہلے، شکیب الحسن دوسرے، بین سٹوکس تیسرے، جدیجا چوتھے اور معین علی پانچویں نمبر پر ہیں۔