ترک صدرکا عالمی رہنماؤں سے رابطہ،شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال

353

ترک صدر رجب طیب اردگان نے امریکی صدر براک اوباما،روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل کو ٹیلی فون کرکے حلب سے شہریوں کے انخلاء سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان نے حلب سے شہریوں کے انخلا کے موضوع پر امریکی صدر براک اوباما،روسی صدر ولادیمرپیوٹن اور جرمن چانسلر انجیلامرکل سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔

دریں اثناء ترک صدر نے سلوینیا کے صدر بوروت پاہور سے ایوان صدر میں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حلب کی صورت حال قابو میں کرنے سے ہی شام میں امن بحال ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روسی صدر پوٹین سے وہ جنگ بندی کے حالیہ اعلان کے بعد بارہا شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کر چکے ہیں اور دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ مسلسل رابطے میں ہیں۔

 صدر اردگان نے کہا کہ اگر ممکن ہوا تو ہم بچوں اور عمر رسیدہ افراد کو ترکی میں قائم مہاجر کیمپوں میں مقیم کروائیں گے تاکہ انہیں کچھ تو سکھ نصیب ہوسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے جرمن چانسلر مرکل اور امریکی ہم منصب اوباما سے بھی کافی تفصیلی بات چیت کی اور مہاجرین کی آباد کاری اور امداد کی ترسیل کے بارے میں تفصیلی مشاورت کی۔