بابا اور بھٹ جزائر کے عوام کو نظر انداز کر نے کا سلسلہ بند کیا جائے،حافظ نعیم الرحمن 

259

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بابااور بھٹ جزائر کے عوام حکومت کی عدم توجہی اور انہیں نظر انداز کر نے کی وجہ سے سخت مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں ۔جما عت اسلامی ان جزائر کے مکینوں کے مسائل حل کرانے کے لیے بھر پور کوشش کرے گی اور ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ بابا بھٹ اور شمس آئی لینڈ کے عوام کو نظر انداز کر نے سلسلہ بند کیا جائے اور مسائل فوری طور پرحل کیے جائیں ۔کے پی ٹی جلد ازجلد ٹوٹی ہوئی جیٹی کی تعمیر مکمل کر ے واٹر بورڈ پانی کی سپلائی بحال کرے ۔کے الیکٹرک جزائر پر عائد ناجائز چارجز واپس لے اور سندھ حکومت تعلیم اور صحت کی مکمل سہولیات ان جزائر کے عوام کو فراہم کرے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ان جزائر کے عوام کو بجلی ،پانی ،صحت ،تعلیم سمیت ہر شعبہ میں حکومت کی جانب سے بُری طرح نظر انداز کیا گیا ہے۔

بابا آئی لینڈ کی ایک جیٹی KPTنے اس بنیاد پر توڑ دی تھی کہ یہاں نئی جیٹی تعمیر کی جائے گی لیکن سالوں سے یہ ٹوٹی پڑی ہے اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت لکڑی کے تختوں سے بنائی گئی سیڑھیاں استعمال کر رہے ہیں جبکہ پانی کے لیے ڈالی گئی لائن بھی ناکارہو گئی ہے۔ سمندری پانی صاف کر کے لوگوں کو فراہم کیا جا رہا ہے جس کے استعمال سے صحت کے شدید مسائل کا لوگوں کو سامنا ہے۔