امریکا نے ابوبکر البغدادی کے سر کی قیمت بڑھادی

150

امریکا نے شدت پسند تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے بارے میں اطلاع دینے والے کے لئے انعام کی رقم بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کردی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا نے شدت پسند کالعدم تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے بارے میں اطلاع دینے والے کے لئے انعامی رقم میں ایک کروڑ ڈالرز کا اضافہ کردیا ہے جس کے بعد انعامی رقم اب بڑھ کر 2 کروڑ 50 لاکھ  امریکی ڈالرز ہوگئی ہے۔  انعام میں اضافے کا اعلان امریکی وزارت خارجہ کے شعبے انعام برائے انصاف پروگرام کے تحت کیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ریوارڈ فور جسٹس پروگرام نے انعام کی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ البغدادی امن کے لیے خطرے کا باعث ہے، جن خطرات میں حالیہ برسوں کے دوران خاصا اضافہ ہوا ہے۔ مشرق وسطی میں ہزاروں شہریوں کی ہلاکت کی ذمہ دار ابو بکر البغدادی کے زیر قیادت داعش ہی رہی ہے جس میں جاپان، برطانیہ اور امریکا سے تعلق رکھنے والے متعدد سولین یرغمالیوں کا وحشیانہ قتل بھی شامل ہے، داعش نے اپنی خودساختہ خلافت کی حدود سے باہر بھی براہ راست دہشت گرد حملے کئے ہیں یا اس کا حکم دیا ہے۔

محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ انعامی رقم کسی بھی اس شخص کو دی جا سکتی ہے جو شدت پسند رہنما کے ٹھکانے کے بارے میں اطلاع دے، جس سے اس کی گرفتاری عمل میں آسکے اور اسے کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔

واضح رہے کہ کالعدم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی متعدد خبریں زیرگردش رہتی ہیں تاہم اب تک ان دعوں کی تصدیق کسی نے بھی نہیں کی جبکہ گذشتہ ماہ ابوبکرالبغدادی کی جانب سے ایک وڈیو پیغام جاری کیا گیا تھا جس میں کالعدم داعش کے زیر قبضہ عراق کے شہر موصل کے دفاع کی حمایت کی گئی تھی۔