چنائی ٹیسٹ،تیسرے روزکا اختتام تک  بھارت نے 391 رنز بنا لئے

158

لوکیش راہول کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت نے چنائی ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 391 رنز بنا لئے اور اسے انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے86 رنز درکار ہیں، اوپنر لوکیش راہول نے 199 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، پارتھیو پاٹیل 71 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کرن نائر 71 اور مرلی وجے 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چنائی میں ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 60 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو لوکیش راہول 30 اور پارتھیو پاٹیل 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے، دونوں بلے بازوں نے 152 رنز کا آغاز فراہم کیا، پارتھیو پاٹیل 71 رنز بنانے کے بعد معین علی گیند پر جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 181 کے مجموعی سکور پر بھارت کی دوسری وکٹ گری جب چیتشوار پجارا 16 رنز بناکر بین سٹوکس کی گیند پر ایلسٹر کک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کپتان ویرات کوہلی اپنا روایتی کھیل پیش نہ کر سکے اور 15 رنز بناکر سٹورٹ براڈ کا نشانہ بن گئے، اس کے بعد لوکیش راہول اور کرن نائر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چوتھی وکٹ میں 161 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 372 تک پہنچا دیا۔

 لوکیش راہول نے کیریئر بیسٹ اننگز کھیلی، بدقسمتی سے وہ ایک رن کے فرق سے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری بنانے میں ناکام رہے، وہ 199 رنز بناکر عادل راشد کا شکار بنے۔ اس کے بعد کرن نائر اور مرلی وجے نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور کھیل کے اختتام پر ٹیم کا سکور 4 وکٹوں پر 391 تک پہنچا دیا، بھارت کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے 86 رنز درکار ہیں۔ کرن نائر 71 اور مرلی وجے 17 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ سٹورٹ براڈ، معین علی، بین سٹوکس اور عادل راشد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔